فیصلہ ممبر پنجاب پبلک سروس کمیشن کی زیر صدارت کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا
راولپنڈی (آن لائن)پنجاب پبلک سروس کمیشن نے سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پی ایم ایس 2025 کے راولپنڈی ڈویژن کے 1216 امیدواروں کے لازمی مضامین کے پیپرز کے امتحانی مراکز راولپنڈی سے لاہور منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ ممبر پنجاب پبلک سروس کمیشن مرزا سہیل عامر کی زیر صدارت قائم کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد عبدالعزیز کی حتمی منظوری کے بعد سیکریٹری پنجاب پبلک سروس کمیشن افضال احمد نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب پبلک سروس کمیشن سید کاظم مقدس کاظمی کے مطابق پی ایم ایس 2025 کے 1216 امیدوار جن میں 754 مرد اور 462 خواتین شامل ہیں جو 24 اپریل سے 26 اپریل 2026 تک راولپنڈی کے گورنمنٹ گورڈن گریجویٹ کالج لیاقت روڈ اور گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار ویمن جھنڈا چیچی میں امتحان دینے والے تھے انہیں اسلام آباد اور راولپنڈی کی موجودہ سکیورٹی صورتحال کے باعث لاہور منتقل کر دیا گیا ہے امیدواروں کے امتحانات اب ڈویژنل پبلک سکول ماڈل ٹان لاہور میں منعقد ہوں گے ترجمان کے مطابق متاثرہ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کی ویب سائٹ سے اپنے نظرثانی شدہ ایڈمیشن لیٹرز 21 اپریل کو دوپہر 2 بجے کے بعد ڈان لوڈ کریں اور مقررہ شیڈول کے مطابق نئے امتحانی مرکز میں اپنی حاضری یقینی بنائیں پنجاب کے سب سے بڑے امتحان پی ایم ایس/کمبائنڈ کمپیٹیٹو ایگزامینیشن 2025 کے فیز ون کے نتائج پہلے ہی جاری کئے جا چکے ہیں جن میں 119 آسامیوں کے لئے 8 ہزار سے زائد امیدوار کامیاب قرار پائے فیز ون کا امتحان 25 جنوری 2026 کو منعقد ہوا تھا جس میں 36 ہزار سے زائد امیدواروں نے شرکت کی جبکہ 8898 امیدوار کامیاب ہوئے اور انہیں فیز ٹو کے 11 مضامین پرچوں کے لئے بلایا جا رہا ہے۔ کمیشن کے مطابق فیز ٹو میں 5 لازمی اور 6 اختیاری مضامین شامل ہوں گے جبکہ تحریری امتحان کے بعد امیدواروں کو نفسیاتی جانچ اور انٹرویو کے مراحل سے بھی گزرنا ہوگا جس کے بعد حتمی میرٹ لسٹ جاری کی جائے گی