مقصد جعلی ڈگریوں کا خاتمہ، طلبہ کو بورڈ کے بار بار چکروں سے نجات دلانا :چیئرمین
لاہور (خصوصی رپورٹ)چیئرمین لاہور تعلیمی بورڈ ڈاکٹر بدرالاسلام نے کہا ہے کہ تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور طلبہ کے مسائل کے فوری تدارک کیلئے تعلیمی بورڈ نے اپنے تمام تر انتظامی و امتحانی نظام کو تیزی سے ڈیجیٹلائز کر دیا ہے ۔امتحانی نتائج کا پورا ریکارڈ جدید سسٹم پر شفٹ کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد امتحانی شفافیت کو یقینی بنانا، جعلی ڈگریوں کا خاتمہ کرنا اور طلبہ کو روایتی کاغذی کارروائی اور بورڈ کے بار بار چکروں سے نجات دلانا ہے۔تمام ڈیجیٹل رزلٹ کارڈز پر جدید کیو آر کوڈ لگا دیا گیا ہے۔ کسی بھی ڈیوائس سے کیو آر کوڈ سکین کرتے ہی طالبعلم کا مکمل تعلیمی ریکارڈ اور نتائج کی آن لائن تصدیق فوری طور پر ممکن ہو سکے گی۔تمام پرائیویٹ طلبہ کے رزلٹ کارڈز بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ پر اپلوڈ کر دئیے جائینگے جہاں سے وہ براہ راست اپنا ڈیجیٹل رزلٹ کارڈ ڈا ئون لوڈ کر سکتے ہیں۔تمام ریگولر طلبہ اپنے متعلقہ سکولوں یا کالجوں کے پورٹل اور اداروں سیرزلٹ کارڈز حاصل کر سکیں گے۔اس جدید ڈیجیٹل نظام، ای ویری فکیشن اور کیو آر کوڈ کے طریقہ کار بارے انٹر بورڈ کو آرڈینیشن کمیٹی کو باضابطہ مطلع کر دیا گیا ہے تاکہ طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے داخلوں اور اسناد کی تصدیق میں تاخیر یا دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ آن لائن این او سی ، مائیگریشن اور فیسوں کی آن لائن ادائیگی جیسے دیگر تمام اقدامات کو بھی مزید آسان اور خودکار بنایا جا رہا ہے تاکہ طلبہ کو دہلیز پر تمام سہولیات میسر آ سکیں۔