پنجاب میں سرکاری ملازمین کو تنخواہیں 30 اپریل کو دینے کے احکامات جاری
فیصلہ یکم مئی کو یومِ مزدور کی چھٹی اور اس کے بعد ہفتہ وار تعطیلات کے پیش نظر کیا گیا ہے
لاہور (زیڈ این این) ملک بھر میں مسلسل تین تعطیلات کے پیش نظر حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کے لیے احکامات جاری کر دیے ہیں تاکہ ملازمین کو کسی قسم کی مالی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں سرکاری ملازمین کو ماہ اپریل کی تنخواہیں 30 اپریل کو ادا کی جائیں گی۔ یہ فیصلہ یکم مئی کو یومِ مزدور کی سرکاری چھٹی اور اس کے بعد ہفتہ وار تعطیلات کے پیش نظر کیا گیا ہے، کیونکہ 3 اور 4 مئی کو بھی ہفتہ اور اتوار کی چھٹیاں ہوں گی۔حکام کا کہنا ہے کہ پیشگی ادائیگی کا مقصد ملازمین کو تعطیلات کے دوران مالی سہولت فراہم کرنا اور تنخواہوں کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ ادائیگی کا عمل بلا تعطل مکمل کیا جا سکے۔واضح رہے کہ حکومتِ پاکستان نے سال 2026 کے لیے سرکاری، بینک اور اختیاری تعطیلات کا باضابطہ شیڈول جاری کر رکھا ہے، جس میں یکم مئی کو یومِ مزدور کے موقع پر عام تعطیل شامل ہے۔