کراچی: انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ مستحکم ہونے کے آثار دکھا رہا ہے، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پیر کے روز امریکی ڈالر کی قیمت میں 10 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
کاروباری ہفتے کے آغاز پر انٹربینک میں ڈالر 280.87 روپے پر کھلنے کے بعد اختتام پر 280.77 روپے پر بند ہوا، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ روپے کی قدر میں معمولی مگر مثبت بہتری آئی ہے۔معاشی ماہرین کے مطابق روپے کی اس مضبوطی کی ایک بڑی وجہ ترسیلات زر میں اضافہ اور برآمدات کے باعث مارکیٹ میں ڈالر کی فراہمی میں بہتری ہے۔ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھجوائی گئی ترسیلات زر اور برآمد کنندگان کی جانب سے حاصل شدہ ڈالرز کا مارکیٹ میں آنا زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کو کم کر رہا ہے۔
دوسری جانب مرکزی بینک کی پالیسیوں اور معاشی اشاریوں میں بہتری کے بھی مثبت اثرات دیکھنے میں آئے ہیں، جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔کرنسی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ اگر ترسیلات زر اور برآمدات کا تسلسل برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں روپے کی قدر میں مزید بہتری دیکھنے کو مل سکتی ہے۔