صباحت بخاری نے بیٹی سے جدائی کا دلخراش تجربہ شیئر کردیا

صباحت بخاری نے بیٹی سے جدائی کا دلخراش تجربہ شیئر کردیا

کراچی: پاکستانی شوبز کی معروف اداکارہ صباحت بخاری نے اپنی ذاتی زندگی کے ایک انتہائی تکلیف دہ واقعے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں اپنی پہلی اولاد، بیٹی سے تقریباً 30 سال تک جدائی کا درد برداشت کرنا پڑا۔

ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے صباحت بخاری نے بتایا کہ ان کی پہلی شادی لاہور میں ہوئی تھی، جس سے ان کے ہاں ایک بیٹی کی پیدائش ہوئی۔ تاہم شادی ختم ہونے کے بعد سابق شوہر کے خاندان نے ان کی شیر خوار بیٹی کو ان سے جدا کردیا۔اداکارہ کے مطابق انہوں نے اپنی بیٹی سے ملاقات اور اسے اپنی تحویل میں لینے کے لیے قانونی کارروائی بھی کی، تاہم انہیں اپنی بچی سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ بعد ازاں سابق شوہر کا خاندان گھر تبدیل کرکے دوسری جگہ منتقل ہوگیا، جس کے باعث وہ اپنی بیٹی کا سراغ بھی نہ لگا سکیں۔صباحت بخاری نے بتایا کہ اس دوران ان کے سابق شوہر نے بیٹی کو یہ بتا رکھا تھا کہ اس کی والدہ انتقال کرچکی ہیں، جس کے باعث بیٹی کئی برس تک اپنی حقیقی والدہ کے بارے میں لاعلم رہی۔اداکارہ کے مطابق تقریباً 30 سال بعد ان کے سابق شوہر کا انتقال ہوا تو خاندان نے بیٹی کو اس کی حقیقی والدہ کے بارے میں بتایا۔ اس انکشاف کے بعد بیٹی نے سوشل میڈیا کے ذریعے صباحت بخاری سے رابطہ کیا۔

صباحت بخاری نے بتایا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے رابطے کے بعد دونوں کی برسوں بعد دوبارہ ملاقات ممکن ہوئی اور یوں ماں اور بیٹی کے درمیان طویل عرصے سے منقطع رابطہ بحال ہوگیا۔ دستیاب رپورٹس کے مطابق اداکارہ کی بیٹی اب شادی شدہ ہے۔اداکارہ کی جانب سے بیان کیے گئے اس واقعے نے ان کی ذاتی زندگی کے ایک ایسے باب کو سامنے لایا ہے جس میں انہیں اپنی بیٹی سے طویل جدائی کا سامنا کرنا پڑا، تاہم کئی دہائیوں بعد دونوں کا دوبارہ ایک دوسرے سے رابطہ ممکن ہوگیا۔