آئیووا: امریکا میں ایک ایسا منفرد خاندان سامنے آیا ہے جس کی پانچ نسلوں کے افراد کی تاریخ پیدائش ایک ہی دن یعنی 14 ستمبر ہے، جسے گنیز ورلڈ ریکارڈز نے عالمی ریکارڈ کا حصہ بنا لیا ہے۔
امریکی ریاست آئیووا سے تعلق رکھنے والے فریڈ ہارلو اور ان کے خاندان میں کئی دہائیوں سے جاری اس حیرت انگیز اتفاق نے عالمی توجہ حاصل کی۔ فریڈ ہارلو خود 14 ستمبر 1972 کو پیدا ہوئے، جبکہ ان کے نانا ویبر اور والدہ ایڈی کی تاریخ پیدائش بھی 14 ستمبر ہی ہے۔خاندانی ریکارڈ کے مطابق فریڈ ہارلو کے نانا ویبر 14 ستمبر 1907 کو پیدا ہوئے تھے، جبکہ ان کی والدہ ایڈی کی پیدائش 14 ستمبر 1949 کو ہوئی۔ اس طرح ایک ہی تاریخ پیدائش مختلف نسلوں میں منتقل ہوتی رہی۔یہ سلسلہ فریڈ ہارلو کی اگلی نسل میں بھی جاری رہا۔ ان کی بیٹی ایما بیل بھی 14 ستمبر 1997 کو پیدا ہوئیں، جبکہ ایما بیل کے بیٹے آرتھر کی پیدائش 14 ستمبر 2025 کو ہوئی۔ یوں خاندان کی پانچ نسلوں کے افراد کی پیدائش ایک ہی تاریخ پر ہونے کا منفرد اتفاق سامنے آیا۔فریڈ ہارلو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس اتفاق کو ایک تحفہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعی ایک بہت منفرد تحفہ ہے۔ ان کے مطابق خاندان کے افراد ہمیشہ اس اتفاق کو عجیب اور دلچسپ سمجھتے تھے، تاہم انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ یہ کسی عالمی ریکارڈ کا حصہ بن سکتا ہے۔
فریڈ ہارلو کی بیٹی ایما بیل نے بتایا کہ ان کے بیٹے آرتھر کی پیدائش کے بعد خاندان نے اس منفرد اتفاق کو باقاعدہ طور پر ریکارڈ کروانے کا فیصلہ کیا اور گنیز ورلڈ ریکارڈز کا آفیشل سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے رابطہ کیا۔خاندان کے مطابق 14 ستمبر کی تاریخ کے ساتھ جڑا ایک اور دلچسپ پہلو بھی موجود ہے۔ ایما بیل نے بتایا کہ اس سلسلے کا آغاز ویبر سے ہوا اور نسلوں میں بچوں کی جنس بھی ایک خاص ترتیب سے سامنے آتی رہی۔ان کے مطابق پہلے لڑکا، پھر لڑکی، اس کے بعد لڑکا، پھر لڑکی اور اب دوبارہ لڑکا پیدا ہوا، یوں نسل در نسل یہ ترتیب بھی برقرار رہی۔خاندان کے لیے 14 ستمبر اب محض سالگرہ کا دن نہیں بلکہ پانچ نسلوں کو آپس میں جوڑنے والی ایک منفرد خاندانی روایت اور یادگار بن چکا ہے، جسے اب گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے بھی تسلیم کرلیا گیا ہے۔