کوئٹہ (خصوصی رپورٹ) بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے مند میں صوبائی مشیر کھیل و امور نوجوانان مینا مجید کے بھائی اورنگزیب مجید کو اغوا کرلیا گیا سکیورٹی فورسز نے بازیابی کیلئے آپریشن شروع کردیا ہے۔ پولیس کے مطابق گزشتہ روز موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے اورنگزیب مجید کو اغوا کیا اور فرار ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور سکیورٹی فورسز نے ناکہ بندی کرکے مغوی کی تلاش شروع کردی۔ وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے مشیر کھیل مینا مجید کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی اور تفصیلات معلوم کیں۔ وزیر داخلہ نے مشیر کھیل کو بھائی کی بازیابی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر میر شعیب نوشیروانی اور معاون برائے محکمہ داخلہ بابر یوسفزئی بھی موجود تھے۔