پنجاب :61 سال پرانا قانون تبدیل کرنے کی تیاری

 ناجائز اسلحہ رکھنے اور فروخت کرنے کے قوانین مزید سخت ہوں گے 
لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب حکومت نے 61 سال پرانا قانون تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔پنجاب آرمز آرڈیننس 1965 میں ترمیم کرکے پنجاب آرمز ترمیمی ایکٹ 2026 لانے کی تیاری شروع کر دی گئی جس کے تحت پنجاب میں ناجائز اسلحہ رکھنے اور فروخت کرنے کے قوانین مزید سخت ہوں گے۔ذرائع کے مطابق ترمیمی قانون میں نئی دفعہ 14اے شامل کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے ، ناجائز اسلحہ کے مقدمات ناقابل ضمانت قرار دینے کیلئے قانونی ترمیم کا فیصلہ کیا گیا، راضی نامے کی گنجائش ختم کرنے کے لیے قانونی ترامیم کی تجویز پیش کی گئی۔قتل، راہزنی کے ساتھ ناجائز اسلحہ کے مقدمات بھی ایک ہی عدالت میں چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔مختلف عدالتوں میں زیر التوا ء ناجائز اسلحہ کے مقدمات مرکزی عدالت منتقل کیے جائیں گے۔