لاہور میں بسنت آئندہ سال 12، 13 اور 14 مارچ کو منائی جائے گی
لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک ) پنجاب حکومت نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں کیمیکل ڈور پر پابندی اور سکیورٹی انتظامات کے پیشِ نظر بسنت کے انعقاد کے شیڈول میں تبدیلی کی منظوری دے دی، کابینہ کی حتمی منظوری کے بعد اب جشنِ بسنت آئندہ برس 12، 13 اور 14 مارچ 2027ء کو منایا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے اس سے قبل لاہور میں 29 جنوری سے 7 فروری 2027ء تک دس روزہ بسنت اور پتنگ بازی کی تقریبات کے انعقاد کا اعلان کیا تھا، تاہم انتظامی امور، سکیورٹی اور موسم کی بنیاد پر تاریخوں کی تبدیلی کی ضرورت محسوس کی گئی۔بتایا گیا ہے کہ اس سلسلے میں میں ڈپٹی کمشنر لاہور نے بسنت کے لیے نئی تاریخیں مقرر کرنے کے حوالے سے ایک تفصیلی سمری محکمہ داخلہ پنجاب کو ارسال کی، محکمہ داخلہ نے ڈی سی لاہور کی تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد یہ سمری صوبائی کابینہ کو حتمی منظوری کے لیے بھجوائی، جسے کابینہ نے منظور کرلیا، پنجاب کابینہ کی اس باضابطہ منظوری کے بعد لاہور میں بسنت منانے کی سابقہ تاریخیں منسوخ کرتے ہوئے مارچ کی 12، 13 اور 14 تاریخیں مقرر کردی گئی ہیں۔