کراچی (آئی این پی) واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی 54 انچ قطر کی پانی کی لائن پھٹنے کے باعث مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی معطل ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹان میں واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی 54 انچ قطر کی واٹر لائن پھٹنے سے ہزاروں گیلن پانی سڑکوں پر بہہ کر ضائع ہو گیا، جس کے نتیجے میں شہر کے متعدد علاقوں کو پانی کی فراہمی شدید متاثر ہوئی۔مرکزی لائن متاثر ہونے کے باعث شاہ لطیف ٹان، بھینس کالونی، اور لانڈھی سمیت ملحقہ آبادیوں کو پانی کی فراہمی معطل ہو گئی، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ذرائع نے بتایا کہ مبینہ طور پر لائن مین کی جانب سے غیر قانونی کنیکشن کے ذریعے پانی چوری کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی، جس کے دوران 54 انچ کی لائن کو نقصان پہنچا اور وہ پھٹ گئی۔تاہم واٹر کارپوریشن کی جانب سے اس غیر قانونی کنیکشن کی فی الحال نہ تو تصدیق کی گئی ہے اور نہ ہی تردید۔چیف انجینئر واٹر کارپوریشن کے مطابق لائن دن کے وقت متاثر ہوئی تھی تاہم اطلاع ملتے ہی ٹیموں نے فوری اقدامات کیے اور متاثرہ لائن کا مرمتی کام مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے بعد پانی کی فراہمی جلد بحال کر دی جائے گی۔