اسرائیلی وزیردفاع کافوج کو حماس کیخلاف سخت کارروائی کا حکم

تل ابیب (آئی این پی )اسرائیلی وزیردفاع نے ایک بار  پھر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوج کو غزہ میں حماس کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیدیا۔غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق اسرائیلی وزیردفاع نے دھمکی دی کہ حماس کو  ایک بار  پھر سبق سکھایا جائیگا، وزیردفاع کا کہنا تھا کہ انہوں نے فوج کو  اسرائیلی شہریوں کی حفاظت کے احکامات دے دئیے۔اسرائیلی وزیردفاع نے حماس پر  جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ حماس کو معاہدے کی خلاف ورزی کا بھاری خمیازہ چکانا پڑے گا۔وزیردفاع اسرائیل کاٹز کا کہنا تھا کہ حماس نے کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا تو فوجی حملوں کی شدت میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔