90دن میں لیپ ٹاپ دینے کاہدف مقرر ‘میٹرک اور ایف ایس سی کے پوزیشن ہولڈرز اور 2ہزار اقلیتی طلبہ کو بھی لیپ ٹاپ دینے کاحکم
ریاست ماں جیسی ہے، بچوں کی صحت ،تعلیم اور ترقی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ، حقوق کی حفاظت ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے: عالمی یوم اطفال پر پیغام
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی سے ملاقات کے دوران کہا ہے بلوچستان میں لوگ امن چاہتے ہیں‘بلوچستان میں دہشت گردی کا مسئلہ حل کرنے میں بھرپور معاونت کریں گے‘دریں اثناء مریم نوازشریف نے چیف منسٹر لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالر شپ پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے طلبہ کو 90دن میں لیپ ٹاپ دینے کاہدف مقرر کیاہے۔ پنجاب کے طلبہ کو جدید ترین کور آئی سیون ،13جنریشن لیپ ٹاپ دئیے جائیںگے ۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے 2ہزار اقلیتی طلبہ کو بھی لیپ ٹاپ دینے کاحکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے میٹرک اور ایف ایس سی کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو لیپ ٹاپ دینے کی ہدایت کی ہے۔ پروگرام کے تحت طلبہ کو میرٹ پر وزیراعلی پنجاب لیپ ٹاپ سکیم کے تحت کامیاب طلبہ کو گارڈ آف آنر بھی دیاجائے گا ۔ یونیورسٹیوں کے 20ہزار،کالجز کے 14ہزار ، ٹیکنیکل و ایگریکلچر کے 4ہزار ، میڈیکل اورڈینٹل کالجز کے 2ہزار طلبہ کو لیپ ٹاپ ملیں گے ۔ لیپ ٹاپ حاصل کرنے والوں میں32فیصد جنوبی پنجاب کے طلبہ شامل ہوںگے ۔ طلبہ کو وزیراعلی لیپ ٹاپ سکیم کے تحت 30دن میں5ہزار اور 20فروری تک 35ہزار لیپ ٹاپ دئیے جائیں گے ۔ کمپیوٹر سائنس، میڈیکل، سائنس، انجینئرنگ، سوشل سائنسز، بزنس ، لینگوئج، ویٹرنری اور ایگریکلچر کے طلبہ کو لیپ ٹاپ دئیے جائیں گے ۔ پنجاب بھر میں 30ہزار سرکاری اور 10 ہزار پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے طلبہ کو سکالرشپ بھی دئیے جائیںگے ۔عالمی یوم اطفال پر پیغام میں مریم نواز نے کہا ریاست ماں جیسی ہے اور بچوں کی صحت، تعلیم ، تحفظ اور ترقی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ بچے اللہ تعالی کا خاص تحفہ ہیں، انکی کی مسکراہٹ سے زیادہ خوبصورت چیز دنیا میں کوئی نہیں، معصوم بچوں کے بہترین مستقبل کیلئے تعلیم، صحت اور تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔