حکومت اور پیپلزپارٹی میں اختلافات ‘بلاول نے مذاکرات کیلئے 9رکنی کمیٹی بنا دی

کمیٹی میں راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، شیری رحمان، مراد علی شاہ ‘سرفراز بگٹی‘احمد محمود، سردار سلیم حیدر، فیصل کریم اور حیدر گیلانی شامل ہیں‘کمیٹی حکومت کے ساتھ رابطے میں رہے گی ‘رپورٹ سی ای سی کے آئندہ اجلاس میں پیش کرے گی

اسلام آباد(بیورو رپورٹ ‘ایجنسیاں)حکومت اور پیپلزپارٹی میں اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں اور  چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سے بات کرنے کیلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنا دی ہے جو رابطے کے بعد رپورٹ سی ای سی میں پیش کرے گی۔ذرائع کے مطابق پی پی حکومت سے نالاں دکھائی دینے لگی ہے کیونکہ حکومت پی پی کے مطالبات کو نظر انداز کر رہی ہے۔ زرائع کے مطابق پی پی کی جانب سے معاملات کئی بار اٹھانے کے باوجود کوئی پیش رفت نہ ہو سکی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت سے معاملات اٹھانے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔کمیٹی وفاقی حکومت کے ساتھ رابطے میں رہے گی اور ان مسائل کو اجاگر کرے گی۔کمیٹی میں راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، شیری رحمان، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی شامل ہیں جبکہ  مخدوم احمد محمود، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور حیدر گیلانی کو بھی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔کمیٹی اپنی رپورٹ اگلے ماہ ہونے والے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی  کے اجلاس میں پیش کرے گی۔