آج دنیا بھر میں منایا جا رہا ہے موسیقی کا عالمی دن

آج دنیا بھر میں منایا جا رہا ہے موسیقی کا عالمی دن

ویب ڈیسک: دنیا بھر میں آج 21 جون کو یومِ عالمی موسیقی 2025 "Healing Through Harmony" (ہم آہنگی کے ذریعے شفا) کے موضوع کے تحت منایا جا رہا ہے۔

 اس دن کا مقصد دنیا بھر کے لوگوں کو موسیقی کے ذریعے امن، محبت، جذباتی سکون اور اجتماعی ہم آہنگی کا پیغام دینا ہے۔یومِ موسیقی ہر سال دنیا بھر میں موسیقی کے جشن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر 120 سے زائد ممالک میں عوامی مقامات، گلیوں اور پارکوں میں موسیقار بغیر کسی معاوضے کے اپنی موسیقی پیش کرتے ہیں۔ اس دن نہ صرف لوگ موسیقی سے لطف اندوز ہوتے ہیں بلکہ خود بھی ساز بجاتے اور گانے گا کر حصہ لیتے ہیں۔یومِ عالمی موسیقی کا آغاز 1982 میں فرانس کے وزیرِ ثقافت جیک لینگ اور موسیقی کے صحافی موریس فلورے نے کیا تھا۔ ان کا مقصد تھا کہ موسیقی کو بند کمروں سے نکال کر سڑکوں تک لایا جائے تاکہ ہر شخص موسیقی سے مستفید ہو اور نوجوان موسیقاروں کو بھی اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے۔

موضوع: ہیلنگ تھرو ہارمنی

2025 میں یومِ موسیقی کا موضوع "ہیلنگ تھرو ہارمنی" اس بات پر زور دیتا ہے کہ موسیقی ایک ایسی زبان ہے جو روح کو شفا دیتی ہے، ذہنی دباؤ کو کم کرتی ہے اور معاشرتی تعلقات کو مضبوط کرتی ہے۔ تحقیق سے یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ موسیقی تھراپی میں استعمال ہو کر متعدد ذہنی اور جسمانی بیماریوں کے علاج میں معاون ثابت ہو رہی ہے۔

برصغیر کی موسیقی کا تاریخی ورثہ

برصغیر میں موسیقی کی جڑیں بہت گہری ہیں۔ یہاں کلاسیکی موسیقی، غزل، فوک، قوالی، اور پلے بیک سنگنگ جیسی اصناف نہایت مقبول ہیں۔ امیر خسرو، تان سین، روشن آرا بیگم، نصرت فتح علی خان، نازیہ حسن اور دیگر عظیم فنکاروں نے موسیقی کے ذریعے نہ صرف لوگوں کے دل جیتے بلکہ عالمی سطح پر بھی پہچان حاصل کی۔

یومِ موسیقی کا پیغام

یومِ عالمی موسیقی کا اصل پیغام یہی ہے کہ چاہے نسل، زبان، قوم یا مذہب کچھ بھی ہو، موسیقی سب کو جوڑتی ہے، زخموں پر مرہم رکھتی ہے، اور دلوں کو قریب لاتی ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم آہنگی کے ذریعے شفا ممکن ہے۔