محسن نقوی سے ایرانی وزیر داخلہ کا رابطہ، متاثرینِ سیلاب کیلئے امداد کی پیشکش

محسن نقوی سے ایرانی وزیر داخلہ کا رابطہ، متاثرینِ سیلاب کیلئے امداد کی پیشکش

ایرانی وزیرِ داخلہ سکندر مومنی نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑا ہے۔

ایرانی وزیرِ داخلہ کا یہ بیان پاکستانی ہم منصب محسن نقوی سے ٹیلیفونک رابطے کے دوران سامنے آیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔سکندر مومنی نے کہا کہ پاکستان میں آنے والے حالیہ سیلاب کے باعث جو تباہی ہوئی ہے، اس پر ایران دل گرفتہ ہے، اور ہر ممکن مدد و تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کے سیلاب متاثرین کو درکار ہر قسم کی امداد فراہم کرے گا۔گفتگو کے دوران دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے متوقع دورۂ پاکستان سے متعلق تفصیلات بھی زیر بحث آئیں۔

 ایرانی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ ان کا ملک اس اہم دورے کو دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ کے لیے اہم موقع سمجھتا ہے۔محسن نقوی نے ایرانی وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ایران کے صدر کے دورے کا منتظر ہے۔محسن نقوی نے اپنے حالیہ دورۂ ایران میں ملنے والی مہمان نوازی پر بھی ایرانی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی اور انتظامی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔