واردات کے دوران واویلا پر فائرنگ، منٹھار ماچھی جاں بحق، مقدمہ درج
رحیم یار خان (نمائندہ خصوصی) موضع فتح پور ماچھکہ میں چوری کی نیت سے گھر میں داخل ہونے والے ملزمان کی فائرنگ سے ہمسایہ نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ شب عبدالجبار ماچھی کے گھر چھ نامعلوم افراد واردات کی نیت سے داخل ہوئے۔ شور سن کر ہمسایہ نوجوان منٹھار ماچھی دیوار پھلانگ کر گھر پہنچا اور واویلا شروع کر دیا، جس پر ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، نتیجتاً منٹھار موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ اہل علاقہ کے جمع ہونے کے خوف سے ملزمان ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا۔ بعد ازاں نعش تدفین کے لیے ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ مقتول کے والد امیر بخش کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔