سنٹرل جیل راولپنڈی سے فرار منشیات فروش دوبارہ گرفتار

 ملزم کی فراری کے ذمہ داران آفیسران اور اہلکاران کو ہی ٹاسک دیا گیا تھا
لاہور(کرائم رپورٹر)سنٹرل جیل راولپنڈی سے فرار ہونے والا منشیات فروش ملزم نعمان گل ولد بشیر مسیح کو دوبارہ گرفتار کر کے جیل داخل کر دیا گیا ترجمان جیل حکام کے مطابق مزکورہ ملزم کی فراری کے ذمہ داران آفیسران اور اہلکاران کو ہی یہ ٹاسک دیا گیا تھا کہ ملزم کی دوبارہ گرفتاری کو یقینی بنائیں بصورت دیگر انکے خلاف تادیبی کارروائی میں کوئی نرمی نہ برتی جائے گی۔مزکورہ ملزم کی دوبارہ گرفتاری کیلئے بارہ سرچ ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں جنھوں نے پولیس اور انٹیلیجنس اداروں کے تعاون سے مزکورہ ملزم کو ٹریس کر کے جیل داخل کر دیا ہے۔سرچ کے دوران مزکورہ ملزم کے رشتہ داروں اور دوستوں کے گھروں کی تلاشی لی گئی اور ان سے تفتیش کی گئی ، جس کے نتیجے میں مزکورہ ملزم کو بری امام، اسلام آباد سے دوبارہ گرفتار کیا گیا ہے۔آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نزیر کا کہنا ہے کہ پنجاب کی جیلوں کی سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات پر ہر گز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی میں غفلت ، سستی اور بدیانتی کا مظاہرہ کرنے والے آفیسران و اہلکاران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔