اجیت اگرکر کا معاہدہ 2026 تک بڑھا دیا گیا، بی سی سی آئی کا اہم فیصلہ

اجیت اگرکر کا معاہدہ 2026 تک بڑھا دیا گیا، بی سی سی آئی کا اہم فیصلہ

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے چیف سلیکٹر اجیت اگرکر کے مستقبل سے متعلق تمام قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے ان کے معاہدے میں جون 2026 تک توسیع کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، اجیت اگرکر کے مستقبل کے حوالے سے کئی ہفتوں سے مختلف چہ مگوئیاں جاری تھیں، تاہم بی سی سی آئی نے ان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے واضح پیغام دیا ہے کہ وہ اگلے ڈیڑھ سال تک بھارتی کرکٹ کے انتخابی معاملات دیکھتے رہیں گے۔ذرائع کے مطابق اجیت اگرکر کی سربراہی میں بھارتی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ان کے دور میں بھارت نے 2024 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا، جبکہ حال ہی میں منعقدہ چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھی فتح حاصل کی۔ یہ کامیابیاں بھارتی کرکٹ کے لیے اہم سنگ میل تصور کی جارہی ہیں۔

رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ اجیت اگرکر کے معاہدے کی تجدید کا فیصلہ دراصل آئی پی ایل 2025 سے قبل ہی کرلیا گیا تھا، تاکہ کھلاڑیوں کے انتخاب اور ٹیم کی تیاریوں میں تسلسل قائم رکھا جا سکے۔کرکٹ ماہرین کے مطابق، بی سی سی آئی کا یہ اقدام ٹیم میں استحکام پیدا کرنے اور آئندہ بڑے ٹورنامنٹس کے لیے منصوبہ بندی کو یقینی بنانے کی کوشش ہے۔