معروف سعودی شاعر سعود بن معدی عمان میں پہاڑ سے گرنے کے باعث انتقال کر گئے

معروف سعودی شاعر سعود بن معدی عمان میں پہاڑ سے گرنے کے باعث انتقال کر گئے

خلیجی اور عرب دنیا کے معروف سعودی شاعر سعود بن معدی الرفاعی القحطانی عمان میں ایک المناک حادثے میں انتقال کر گئے۔

وہ پیر کے روز عمان کے صوبے دوہفر گورنریٹ (Dhofar Governorate) میں واقع جبل سمحان کی بلندیوں پر چڑھائی کے دوران حادثے کا شکار ہوئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، سعود بن معدی ایک خطرناک اور ناہموار پہاڑی پر چڑھائی کر رہے تھے جب اچانک توازن برقرار نہ رکھ سکے اور نیچے گر پڑے۔ گرنے کے نتیجے میں انہیں شدید چوٹیں آئیں، فوری طور پر طبی امداد فراہم کرتے ہوئے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔سعودی شاعر کی موت سے قبل کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں انہیں بلند پہاڑی پر چڑھتے اور خطرناک راستے پر سفر کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہی ویڈیو ان کی زندگی کے آخری لمحات کو محفوظ کر گئی۔مسقط میں سعودی عرب کے سفارت خانے نے تصدیق کی ہے کہ وہ مقامی عمانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ مرحوم کی میت کو سعودی عرب منتقل کرنے کے انتظامات کیے جا سکیں۔

تعارف اور ادبی خدمات
سعود بن معدی الرفاعی القحطانی کا تعلق سعودی عرب کے علاقے الباحہ کے قحطہ سے تھا۔ وہ اپنی شاعری میں عرب ورثے اور جدید طرزِ اظہار کے امتزاج کی وجہ سے خلیج اور عرب دنیا میں خاص مقام رکھتے تھے۔انہوں نے عربی زبان میں 15 سے زائد شعری مجموعے تحریر کیے، جو نہ صرف سعودی عرب بلکہ پورے مشرقِ وسطیٰ میں بے حد مقبول ہوئے۔ ان کی شاعری میں عربی روایت، جدید فکر اور قومی جذبے کی جھلک نمایاں تھی، جس کی وجہ سے وہ عرب نوجوانوں میں بھی خاصی شہرت رکھتے تھے۔

ادبی دنیا میں دکھ اور غم
سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں ان کے انتقال پر ادبی حلقوں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ناقدین اور مداحوں نے کہا کہ سعود بن معدی کی موت عرب شاعری کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔