سعودی عرب :پاکستانیوں کی بس کو حادثہ، 5 جاں بحق

جاں بحق افراد ضلع بہاولنگر کے رہائشی ،حادثہ مدینہ منورہ جاتے پیش آیا،کئی زخمی 
جدہ (خصوصی رپورٹ)سعودی عرب میں عمرہ زائرین کی بس کو حادثہ پیش آیا ہے جس میں 3 خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے، متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ، جاں بحق افراد کا تعلق پاکستان سے تھا۔عمرہ زائرین کی بس البدر سے مدینہ منورہ جاتے ہوئے ٹرالر سے ٹکرا کر حادثیکا شکار ہوئی۔ریسکیو ذرائع کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ، زخمیوں میں خواتین، بچے اور بزرگ شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق جاں بحق خواتین اور مردوں کا تعلق پاکستان کے ضلع بہاولنگر سے ہے۔جاں بحق خواتین میں سے دو کا تعلق ضلع بہاولنگر کے گاؤں 228 نائن آر سے ہے ، تیسری خاتون کا تعلق بہاولنگر کے نواحی گاؤں 201 مراد سے ہے۔مردوں میں ایک بزرگ کا تعلق نواحی گاؤں 39 تھری آر سے ہے ،دوسرے بزرگ کا تعلق ڈاہرنوالہ سے بتایا جا رہا ہے۔