اسلام آباد، پشاور(آئی این پی ) سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کیخلاف بدعنوانی کے الزامات پر پی ٹی آ ئی احتساب کمیٹی کے 2ارکان کے فیصلے میں اختلاف پیدا ہوگیا۔ میڈیارپورٹ کے مطابق قاضی انور نے بابر سلیم سواتی کو کلیئر قرار دے دیا تو مصدق عباسی نے قصور وار قرار دیا، اختلاف کے باعث تیسرے ممبر شاہ فرمان کو فیصلہ کرنے کا اختیار دے دیا گیا۔احتساب کمیٹی کے ممبر قاضی انور کی 7 صفحات پرمشتمل رپورٹ منظر عام پر آگئی۔ رپورٹ کے مطابق کمیٹی کے تیسرے رکن شاہ فرمان سپیکر سے متعلق حتمی فیصلہ کریں گے۔یاد رہے کہ سینئر پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی نے سپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی پر غیر قانونی بھرتیوں، ترقیاتی کاموں میں بدعنوانی کے الزامات لگائے تھے۔پی ٹی آئی کی 3 رکنی احتساب کمیٹی نیانکوائری شروع کر رکھی تھی۔دوسری جانب رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی انٹرنل اکاونٹیبیلٹی کمیٹی کے رکن نے سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کے خلاف کرپشن کی تحقیقات کی رپورٹ سلمان اکرم راجا کو بھیج دی۔کمیٹی کے رکن قاضی انور نے کہا کہ مجھے علم ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے علاوہ کسی کو رپورٹ بھیجنا کمیٹی کے ایس او پیز میں نہیں، سلمان اکرم راجا نے رپورٹ مانگی اس لیے انہیں بھیج دی ہے۔ پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ سلمان اکرم راجا کو رپورٹ بھیج کر قاضی انور نے کمیٹی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، قاضی انور نے کمیٹی کے دیگر ارکان کو اعتماد میں لیے بغیر سلمان اکرم راجا کو رپورٹ ارسال کی۔ذائع کے مطابق کمیٹی کے دیگر 2 ارکان نے سلمان اکرم راجا کو رپورٹ بھیجنے پر اظہار تشویش کیا ہے۔
ا