فیڈر نہیں ، بجلی چوری والے ٹرانسفارمرز بند ہونگے:اویس لغاری

 ای پی ایم ایس نصب کیا جا رہا ،اس نظام سے چوری کی نشاندہی کی جائیگی
 ڈی جی خان(خصوصی رپورٹ)وفاقی وزیرتوانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ پورے فیڈر نہیں صرف بجلی چوری والے ٹرانسفارمرز بند ہوں گے،بجلی چوری والے علاقوں میں مخصوص ٹرانسفارمرز بند کرنے کیلئے ای پی ایم ایس نصب کیا جا رہا ہے، اس نظام سے نشاندہی کر کے متعلقہ چوری والے ٹرانسفارمرز بند کییجائیں گے۔ڈی جی خان ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جا رہا ہے، ای پی ایم ایس سے پورے فیڈر کے ہزاروں بیگناہ صارفین متاثر نہیں ہوں گے،30 فیصد یا زائد لائن لاسز والے تمام فیڈرز پر لوڈشیڈنگ جاری رہیگی، بجلی چوری اور بل ادا نہ کرنے والوں کو کسی صورت ریلیف نہیں دیا جائیگا۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ ملک میں بجلی کی طیشدہ لوڈشیڈنگ سے صارفین کو بھاری بلوں سے بچایا گیا، ایران امریکا جنگ کے باعث گیس کی قلت سے بجلی کی پیداوار مہنگی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان ایئرپورٹ اپ گریڈ یشن منصوبہ ساڑھے 5ارب لاگت سے جنوری 2028 میں مکمل ہو گا، ڈی جی خان میں وزیراعظم کے اعلان کردہ ایئرپورٹ توسیع، کینسرہسپتال، سیوریج اورسڑکوں کی کشادگی کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔