عمرے کے بعد زندگی میں سب کچھ بدل گیا: سامعہ حجاب

لاہور (شوبز ڈیسک) معروف ڈیجیٹل کری ایٹر، ٹک ٹاک اسٹار اور انسٹاگرام انفلوئنسر سامعہ حجاب نے عمرے کو اپنی زندگی میں تبدیلی کا اہم موڑ قرار دے دیا۔حال ہی میں انہوں نے ایک پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے عمرے کے سفر کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اللہ تعالی سے قربت نے میری زندگی پر مثبت اثرات مرتب کیے۔اپنے عمرے کے سفر کا ذکر کرتے ہوئے سامعہ حجاب نے بتایا کہ میں دبئی میں اکیلی تھی اور 6 ماہ تک اپنے اپارٹمنٹ میں تنہائی کی زندگی گزارتی رہی، اس دوران سوشل میڈیا استعمال کرتی اور ٹک ٹاک پر لائیو سیشنز کرتی تھی، وقت گزرتا گیا اور جنگیں شروع ہوئیں تو میں شدید ذہنی دبائو اور افسردگی کا شکار ہو گئی، میرے پاس کوئی نہیں تھا، اس لیے میں نے اللہ تعالی سے دعا کی، جس کے بعد اللہ نے مجھے عمرے کی سعادت نصیب فرمائی۔انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی والدہ اور بھائی کے ساتھ عمرہ کیا، میرا یہ سفر بہت اچھا رہا، مکہ مکرمہ میں ایک لمحہ ایسا آیا جب میں نے اپنی والدہ اور بھائی کے ہاتھ تھام رکھے تھے، اس کے بعد میری زندگی میں سب کچھ بدل گیا۔، اپنی والدہ کو عمرہ کرانا میری زندگی کے سب سے اہم کامیابیوں میں سے ایک تھی۔