بھارت میں طیارے میں سوئی ہوئی خاتون کے ساتھ غیر اخلاقی حرکت کا انکشاف

بھارت میں طیارے میں سوئی ہوئی خاتون کے ساتھ غیر اخلاقی حرکت کا انکشاف

بھارت کی ریاست تامل ناڈو کے دارالحکومت چنئی ایئرپورٹ سے حیدرآباد جانے والی پرواز میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں دورانِ پرواز ایک خاتون کو ہراساں کیے جانے کا واقعہ رپورٹ ہوا۔

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا، جس نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق متاثرہ خاتون 38 سالہ آئی ٹی پروفیشنل ہیں جو اپنے شوہر کے ساتھ سفر کر رہی تھیں، جبکہ 45 سالہ ملزم ان کے برابر میں بیٹھا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم چنئی میں ملازمت کرتا ہے اور حیدرآباد کے راستے اتر پردیش جا رہا تھا، واقعے کے وقت وہ نشے میں تھا۔واقعہ جمعہ کے روز پیش آیا جب پرواز کے دوران دونوں میاں بیوی سو گئے تھے۔ لینڈنگ سے کچھ دیر قبل خاتون نے محسوس کیا کہ کوئی انہیں نامناسب طریقے سے چھو رہا ہے، جس پر انہوں نے فوراً شور مچایا۔

طیارہ لینڈ ہونے کے بعد خاتون نے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پولیس کو تحریری شکایت دی، جس پر پولیس نے بھارتی تعزیراتِ قانون (IPC) کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، اور شواہد کی بنیاد پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔واقعے نے فضائی سفر کے دوران خواتین کی حفاظت سے متعلق قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی اہمیت کو ایک بار پھر اجاگر کر دیا ہے۔