ملتان روڈ پر افسوسناک ٹریفک حادثے میں پولیس اسپیشل برانچ کے انسپکٹر حسنین سجاد شاہ جاں بحق ہو گئے، جس کے بعد پولیس اور اہلِ خانہ میں گہرے رنج و غم کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب انسپکٹر حسنین سجاد شاہ ڈیوٹی مکمل کرنے کے بعد موٹر سائیکل پر اپنے گھر مظفرگڑھ جا رہے تھے۔ اسی دوران ملتان روڈ پر تیز رفتار ٹرک نے ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی شدید زخمی ہو گئے۔حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جس کی تلاش کے لیے پولیس نے کارروائی شروع کر دی ہے۔ حکام کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر ناکہ بندی اور چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ افسران اسپتال پہنچے اور اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈی پی او سید غضنفر علی شاہ نے مرحوم افسر کو ایماندار اور فرض شناس اہلکار قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔حکام کے مطابق انسپکٹر حسنین سجاد شاہ کی نمازِ جنازہ آج صبح 9 بجے پولیس لائنز میں ادا کی جائے گی، جس میں پولیس افسران، اہلکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔