بھارت کی سب سے مہنگی شادی جس کا ریکارڈ امبانی خاندان بھی نہ توڑ سکا

بھارت کی سب سے مہنگی شادی جس کا ریکارڈ امبانی خاندان بھی نہ توڑ سکا

سابق وزیر جناردھن ریڈی کی بیٹی کی شادی بھارت کی تاریخ کی سب سے مہنگی شادی قرار پائی، جس پر 1600 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد خرچ کیے گئے تھے۔

 2016 میں ہونے والی یہ شاندار شادی پانچ دن تک جاری رہی، اور اس میں 50,000 مہمانوں نے شرکت کی۔ شادی کی تقریبات کا اہتمام بنگلورو کے فائیو اسٹار اور تھری اسٹار ہوٹلوں میں کیا گیا تھا جہاں 1,500 کمرے بک کیے گئے۔شادی کے پنڈال کو وجے نگر سلطنت کے شاہی مندروں سے متاثر ہو کر ڈیزائن کیا گیا تھا، اور عروسی لباس اور زیورات بھی انتہائی قیمتی تھے۔ برہمانی نے نیتا للو کی تیار کردہ 55 کروڑ روپے کی کانچی ورم ساڑھی پہنی، جس پر خالص سونے کے دھاگے سے کڑھائی کی گئی تھی۔ ان کے زیورات کی مالیت تین ارب روپے تھی، جس میں 80 کروڑ روپے کا ہیروں سے جڑا چوکر ہار شامل تھا۔

مہمانوں کے لیے خصوصی پروٹوکول فراہم کیا گیا تھا، جس میں 40 بیل گاڑیاں، 2,000 لگژری ٹیکسیاں اور 15 ہیلی کاپٹرز شامل تھے۔ شاہی ضیافت میں 16 اقسام کی مٹھائیاں پیش کی گئیں، اور ہر پلیٹ کی قیمت تقریباً 3,000 روپے تھی۔اس شادی پر اتنی بڑی رقم خرچ ہونے پر جناردھن ریڈی کو شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا، خاص طور پر نوٹ بندی کے بحران کے دوران۔ تاہم، جناردھن ریڈی کی بیٹی کی شادی آج بھی بھارت کی سب سے پرتعیش اور مہنگی شادیوں میں شمار کی جاتی ہے۔