کراچی میں دو پراسرار واقعات، ایک خاتون زخمی، دوسری جاں بحق

کراچی میں دو پراسرار واقعات، ایک خاتون زخمی، دوسری جاں بحق

کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے دو الگ الگ پراسرار واقعات نے شہریوں میں تشویش پیدا کر دی۔

 ایک واقعے میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر فائرنگ سے ایک خاتون زخمی ہو گئی، جبکہ دوسرے واقعے میں ایک خاتون مبینہ طور پر زہریلی چیز کھانے کے باعث جان کی بازی ہار گئی۔ پولیس دونوں واقعات کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق پہلا واقعہ فیڈرل بی ایریا بلاک 7 میں پیش آیا، جہاں نامعلوم وجوہات کی بنا پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون زخمی ہو گئی۔ اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمی خاتون کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی خاتون کی شناخت شاہین کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور فائرنگ کی وجوہات، ملزمان اور واقعے کی نوعیت جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔دوسرا واقعہ اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ میں گلزار مدینہ مسجد کے قریب ایک رہائشی گھر میں پیش آیا، جہاں ایک خاتون مبینہ طور پر زہریلی چیز کھانے کے بعد بے ہوش ہو گئی۔ اہل خانہ نے فوری طور پر امدادی اداروں کو اطلاع دی، جس پر خاتون کو تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

ایدھی حکام کے مطابق اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے خاتون کی جان بچانے کی کوشش کی، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ متوفیہ کی شناخت 30 سالہ وردہ کے نام سے کی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی ہلاکت کی اصل وجہ جاننے کے لیے قانونی کارروائی جاری ہے، جبکہ ضروری شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی یہ واضح ہو سکے گا کہ واقعہ خودکشی، حادثہ یا کسی اور وجہ کا نتیجہ تھا۔پولیس نے دونوں واقعات کی الگ الگ تحقیقات شروع کر دی ہیں اور متعلقہ شواہد، عینی شاہدین کے بیانات اور دیگر معلومات کی روشنی میں مزید کارروائی کی جا رہی ہے۔