شیر، چیتا رکھنے والوں کو لائسنس بنوانے کی مہلت دینے کا فیصلہ،شیر کی لائسنس فیس 50 ہزار ہوگی
لاہور( کرائم رپورٹر )پنجاب وائلڈ لائف کا کہنا ہے صوبائی کابینہ کی طرف سے شوقیہ شیر،ٹائیگر اور دیگر بگ کیٹس رکھنے والوں کو لائسنس بنوانے کے لیے مہلت دیں گے، ایک شیر کی لائسنس فیس 50 ہزار روپے ہوگی، جنگلی جانوروں کے ساتھ ٹک ٹاک اور ویڈیو بنانے پر پابندی کا نوٹیفکیشن بھی دو،تین روز میں جاری کردیا جائیگا۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب وائلڈ لائف مدثر ریاض کا کہنا کہ پنجاب وائلڈ لائف ایکٹ میں چار شیڈول ہیں مگر بگ کیٹس جیسے شیر، ٹائیگر، جیگوار ، پیومااور چیتا کسی شیڈول میں شامل نہیں تھے، اب ان جانوروں کو شیڈول 2 میں شامل کر لیا گیا ہے، جس کے تحت انہیں اسیری میں رکھنے کے لیے لائسنس لازمی ہوگا۔ اس فیصلے کے تحت حکومت کی جانب سے بگ کیٹس رکھنے والوں کو رجسٹریشن کے لیے 15 سے 30 دن کا وقت دیا جائے گا، بگ کیٹس کے ساتھ ویڈیوز اور ٹک ٹاک بنانے پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ یہ ایک خطرناک عمل ہے جو کسی بھی وقت حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔ اب اس قسم کی ویڈیوز بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔