بریفنگ کے بجائے بتایا جائے فیصلہ چیلنج کب ہوگا؟، ہمیں صرف بانی پی ٹی آئی کی رہائی چاہیے،عالیہ حمزہ
پی ٹی آئی رہنما عالمگیر خان اور خرم شیر زمان کی کراچی اور سندھ کے مسائل پارلیمنٹ میں اٹھانے کی استدعا
فیصل چودھری نے یہ فیصلہ پارٹی اور بانی پی ٹی آئی سے چھپایا، شعیب شاہین،کور کمیٹی اجلاس کی اندرونی کہانی
اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے گذشتہ روز ہونے والے کور کمیٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ شرکاء نے مذاکرات پر کور کمیٹی کو اعتماد میں لینے پر زور دیا ہے اور ممبران نے کور کمیٹی اجلاس ہفتے میں ایک بار ضرور بلانے کی تجویز دی ہے۔ذرائع کے مطابق کور کمیٹی اجلاس میں سلمان اکرم راجا اور بریگیڈیئر ریٹائرڈ مصدق نے القادر ٹرسٹ کیس پر بریفنگ دی۔ اس دوران سزا کے خلاف مظاہرہ نہ کرنے پر کور کمیٹی اجلاس میں تشویش کا اظہار کیا گیا۔ذرائع کے مطابق عالیہ حمزہ نے کہا کہ بانی کو 14 سال کی سزا ہوگئی ہم نے کوئی احتجاج کیوں نہیں کیا؟ بریفنگ کے بجائے بتایا جائے کہ ہائیکورٹ میں فیصلہ چیلنج کب ہوگا؟، ہمیں صرف بانی پی ٹی آئی کی رہائی چاہیے۔ذرائع کے مطابق کنول شوذب نے کہا کہ جیل حکام پارٹی چھوڑنے والوں کو بانی پی ٹی آئی کے ساتھ جگہ دے دیتے ہیں اور پارٹی کے ساتھ کھڑے ہونے والوں کو کئی کئی گھنٹے انتظار کروایا جاتا ہے۔سندھ سے پی ٹی آئی رہنما عالمگیر خان اور خرم شیر زمان نے کراچی اور سندھ کے مسائل پارلیمنٹ میں اٹھانے کی استدعا کی۔ذرائع نے بتایا کہ کور کمیٹی کے ممبر لال ملہی نے لیگل ٹیم سے لیگل سٹریٹیجی پر اپڈیٹ مانگ لی۔ذرائع کے مطابق علی محمد خان نے فیصلے کو پارٹی سے چھپانے والے کا نام سامنے لانے کا مطالبہ کیا تو شعیب شاہین نے جج کے خلاف سپریم کورٹ کا فیصلہ چھپانے والے کا نام بتا دیا۔شعیب شاہین نے کہا کہ فیصل چودھری نے یہ فیصلہ پارٹی اور بانی پی ٹی آئی سے چھپایا۔