بانی پی ٹی آئی کی سزا کیخلاف درخواست پر 5 جون کو سماعت

قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف سماعت کریں گے
اسلام آباد، لاہور (خصوصی رپورٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشری ٰ بی بی کی سزا کے خلاف 190 ملین پائونڈ کیس 5 جون کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا۔قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف سماعت کریں گے، گزشتہ ہفتے پی ٹی آئی لیڈرشپ نے کیس مقرر کرنے کی درخواست کی تھی۔واضح رہے کہ 17 جنوری 2025 کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قائم احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پائونڈ کے ریفرنس میں عمران خان کو مجرم قرار دیتے ہوئے 14 سال قید اور ان کی اہلیہ مجرمہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ ادھر انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں زیر سماعت بانی پی ٹی آئی کی نااہلی پر فیض آباد احتجاج پر درج مقدمہ میں دو گواہان کے بیانات قلمبند کرلیے گئے۔گز شتہ روز سماعت کے دوران استغاثہ کے دو گواہان نے اپنا بیان ریکارڈ کروا یا، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 16 جون تک ملتوی کردی۔آئندہ سماعت پر مزید گواہان کے بیانات ریکارڈ اور جرح کی جائے گی،مقدمہ میں فیصل جاوید خان، عامر کیانی ،واثق قیوم و دیگر نامزد ہیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنماشعیب شاہین کی درخواست نمٹا دی ، اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کیس میں وفاقی پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ اسلام آبادمیں21 مقدمات درج ہیں ، ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ نے رپورٹ عدالت میں پیش کردی، عدالت نے شعیب شاہین کو ایک ہفتے میں متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔