قطر اضافی سرپلس ایل این جی کارگوز منسوخ کرنے پر رضا مند ،بند گیس فیلڈ سے مقامی گیس جنوری سے سسٹم میں آنا شروع ہو جائے گی
اسلام آباد (آئی این پی )قطر اضافی سرپلس ایل این جی کارگوز منسوخ کرنے پر رضا مند ہوگیا جس کے باعث وفاقی حکومت نے جنوری 2026 سے بند مقامی گیس کے کنویں کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔بند گیس فیلڈ سے مقامی گیس جنوری سے سسٹم میں آنا شروع ہو جائے گی۔گیس فیلڈز کو سرپلس ایل این جی گارگوز استعمال کے لیے بند کیا گیا تھا اور قطر 2026 کے لیے 24ایل این جی کارگوز منسوخ کرنے کے لیے رضا مند ہوگیا۔ذرائع وزارت پیٹرولیم کے مطابق اضافی کارگوز کے باعث 200 ایم ایم سی ایف ڈی کے مقامی کنویں بند کرنے پڑتے تھے۔ پاور سیکٹر کے استعمال نہ کرنے سے درآمد ایل این جی سرپلس ہوگئی تھی، سرپلس ایل این جی کے کارگوز کو گیس پائپ لائنوں میں ڈالا جاتا تھا۔استعمال نہ ہونے کے باعث ایل این جی سسٹم میں ڈالنے سے پائپ لائنز کو پھٹنے سے بچانے کے لیے مقامی فیلڈز بند کی گئی، 2026 میں پاکستان قطر سے 120 کے بجائے 85 ایل این جی کارگوز منگوائے گا۔