وزیراعظم کی طرف سے اپوزیشن کو دوبارہ بات چیت کی دعوت

وزیراعظم کی طرف سے اپوزیشن کو دوبارہ بات چیت کی دعوت

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ بامقصد بات چیت کے لیے تیار ہے اور انہیں دوبارہ مذاکرات کی پیش کش کرتے ہیں۔ 
وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ وہ پہلے بھی قومی اسمبلی اور کابینہ کے اجلاسوں میں یہ کہہ چکے ہیں کہ حکومت بات چیت کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے اپوزیشن پر زور دیا کہ وہ معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرے تاکہ ملک کی معاشی ترقی اور جمہوریت کو مضبوط کیا جا سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے، اور اب یہ اپوزیشن پر منحصر ہے کہ وہ کب مذاکرات کی میز پر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہمیشہ مکالمے کو ترجیح دی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ وزارت پیٹرولیم کی کوششیں قابل ستائش ہیں، اور حکومت نے مشکل حالات میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے 128 ارب روپے مختص کیے ہیں، جس کے لیے وفاقی حکومت نے ترقیاتی منصوبوں (پی ایس ڈی پی) میں کٹوتی کی ہے۔ انہوں نے ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے فی لیٹر کمی کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ حکومت عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان توانائی درآمد کرنے والا ملک ہے، اور عالمی حالات کے اثرات ملک پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خطے کے کئی ممالک میں ریفائنریز اور گیس پلانٹ بند ہیں، جس کے سبب ملکی توانائی کے شعبے کو مشکلات کا سامنا ہے۔