ڈیزل 32 روپے 63 پیسے فی لیٹر سستا،پٹرول مہنگا
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر نئی قیمت 363 روپے 6 پیسے،پیٹرول کی قیمت میں دو روپے 97 پیسے کا اضافہ ، فی لیٹر قیمت 334 روپے 54 پیسے سے بڑھا کر 337 روپے 51 پیسے مقرر کی گئی ہے
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پیٹرولیم ڈویڑن نے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، نئی قیمت کا اطلاق صرف 20 اگست کے لیے ہوگا۔حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں بڑی کمی جبکہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کردیا، جس کا نوٹفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔پیٹرولیم ڈویڑن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے میکنزم کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کردیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 32 روپے 63 پیسے کمی کردی ہے جس کے نتیجے میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 363 روپے 6 پیسے ہوگئی ہے۔دوسری جانب پیٹرول کی قیمت میں دو روپے 97 پیسے کا اضافہ کردیا گیا ہے اور پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 334 روپے 54 پیسے سے بڑھا کر 337 روپے 51 پیسے مقرر کی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمت کا اطلاق 20 اگست 2026 کے لیے ہوگا۔جب کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کو فی الفور کراچی پہنچنے اور آئل ریفائینریز سے مذاکرات کرنے کی ہدایت کی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ وزیر پیٹرولیم کراچی جا کر مقامی طور پر تیار کردہ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے اقدامات یقینی بنائیں. ڈیزل کی مقدار کا ذیادہ تر حصہ مقامی ریفائینریز میں تیار ہوتا ہے، اسکی قیمتوں میں کمی کیلئے وزیرِ پیٹرولیم بذات خود ریفائینریز سے مزاکرات کو جلد از جلد مکمل کریں. جس قدر ممکن ہو عوام تک فوری ریلیف پہنچایا جائے۔