ریلوے، 100بوگیو ں کا شارٹ فال

مسافر اور گڈز ٹرینوں میں مکمل فٹ کوچز لگانے کی ہدایت ، شاہ حسین اور خوشحال خان خٹک ایکسپریس بند کرنے پر غور
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے،آئی این پی )ٹرینوں کے اوور شوٹ ہونے کے واقعات میں اضافہ، ریلوے انتظامیہ نے ٹرین حادثات کی روک تھام کے اقدامات شروع کردیئے۔ حکام نے مسافر اور گڈز ٹرینوں میں مکمل فٹ کوچز لگانے کی ہدایت کردی۔ وزیر ریلوے کی ہدایت پرچیف آپریٹنگ سپرنٹنڈنٹ ریلوے مریم گیلانی نے نوٹیفکیشن جاری کردیاجسکے مطابق مال اور مسافر ٹرینوں کے ساتھ لگائی جانے والی کوچز کا بریکنگ سسٹم مکمل فعال ہونا چاہیے،وہی رولنگ سٹاک لگایا جائے جسکا شعبہ مکینیکل کی جانب سے بریکنگ ایفیشنسی کلیئرنس سرٹیفکیٹ ہو،ٹرینوں کی روانگی سے قبل متعلقہ شعبہ کی جانب سے بریک پاور سسٹم کی چیکنگ بھی لازمی قرار دیدی گئی، بریک پاور کے رولز پر سختی سے عملدرآمد ہوگا، غفلت پر افسروں و ملازمین کیخلاف سخت کارروائی ہوگی۔دوسری جانب ریلوے کو ٹرین آپریشن جاری رکھنے کیلئے بوگیوں کی شدید قلت کا سامنا ہے، جس پردو ٹرینوں کی بندش پر غور شروع کر دیا گیا۔ریلوے ذرائع کے مطابق شاہ حسین ایکسپریس اورخوشحال خان خٹک ایکسپریس کی بندش زیر غور ہے۔ مسافروں اور بوگیوں کی کمی بنیادی وجوہات ہیں۔ ریلوے کوتقریباً سوبوگیوں کی قلت کا سامنا ہے جس سے ٹرین آپریشنز متاثر ہو رہے ہیں۔ریلوے حکام نے دونوں ٹرینوں کی مکمل بندش باریہیڈکوارٹر میں مشاورت شروع کر دی تاہم حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔