کراچی: پاکستان کو 2017 کی چیمپئنز ٹرافی جتوانے والے سابق کپتان سرفراز احمد بھی شہر قائد میں بجلی کی طویل بندش سے سخت پریشان ہوگئے۔
گزشتہ روز کراچی میں ہونے والی طوفانی بارش کے بعد شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ متعدد فیڈرز ٹرپ کرنے کے باعث کئی علاقوں میں اٹھارہ گھنٹے سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود بجلی بحال نہ ہوسکی۔اسی صورتحال سے قومی کرکٹر سرفراز احمد بھی متاثر ہوئے۔ انہوں نے انسٹاگرام پر اپنی خفگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا:"بھائی بفرزون کی بجلی بحال کردو، دس گھنٹے ہوگئے، اب تو یو پی ایس بھی بند ہوگیا۔"واضح رہے کہ گزشتہ روز کی بارش کے دوران کے الیکٹرک کے 600 سے زائد فیڈرز متاثر ہوئے تھے جس کے باعث متعدد علاقے اب بھی اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں۔