سعودی عرب نے حوثیوں کو روکنے کیلئے چین سے مدد مانگ لی‘اٹلی باب المندب میں جنگی جہازبھیجے گا
ریاض‘روم(آئی این پی)یمن میں حوثیوں اور سعودی حمایت یافتہ حکومتی فورسز کے درمیان شدید جھڑپوں میں 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم 68 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔یمنی حکومتی عہدیدار نے بتایا کہ حوثیوں کے میزائل اور ڈرون حملوں میں جنوب مغربی علاقوں میں 23 حکومتی فوجی مارے گئے، جبکہ حوثی فوجی ذرائع نے دعوی کیا کہ سعودی فضائی حملوں اور زمینی لڑائی میں ان کے 40 جنگجو ہلاک ہوئے، یہ اعداد دونوں فریقوں کے دعوئوں پر مبنی ہیں۔سعودی عرب نے چین سے کہا ہے وہ حوثیوں کو رو کنے کے لئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے جبکہ اٹلی نے بحیرہ احمر کے اہم بحری راستے باب المندب سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کے تحفظ کے لیے جنگی بحری جہاز بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔الجزیرہ کے مطابق اٹلی کے وزیر دفاع گائیڈو کروسیتو نے کہا ہے کہ اٹلی یورپی یونین کے مشترکہ فیصلے کا انتظار کیے بغیر تجارتی بحری جہازوں کی حفاظت کے لیے اپنے جنگی جہاز تعینات کرے گا۔