کسی کو شک و شبہ نہیں ہونا چاہیےسعودیہ کے دفاع کیلئے ہر حد تک جائینگے پاک فوج

پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے، حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے وہاں موجود ہیں‘ سعودی عرب کی سکیورٹی کیلئے ہمارا عزم غیر مشروط ہے، یہ دونوں ملکوں کے عوام، افواج اور سیاسی قیادت کے درمیان نہ ٹوٹنے والا تاریخی رشتہ ہے
پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت سعودی قیادت کیساتھ رابطے میں ہے‘ پاکستان سنجیدگی اور خلوص کے ساتھ اس پیچیدہ صورتِ حال کا پْرامن اور مذاکراتی حل تلاش کر رہا ہے:ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری 
راولپنڈی (آئی این پی)ڈائریکٹر جنرل  انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے  سعودی عرب کا دفاع کرنے کے لیے پاکستان کسی بھی حد تک جائے گا۔عرب ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے  پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے، حرمین شریفین کی حفاظت کے لیے وہاں موجود ہیں۔  کسی کو شک و شبہ نہیں ہونا چاہیے، ہم سعودی عرب کے خلاف ہونے والی کسی بھی جارحیت کا دفاع کرتے رہیں گے، پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت سعودی قیادت کے ساتھ رابطے میں ہے۔انہوں نے کہا  پاکستان سنجیدگی اور خلوص کے ساتھ اس پیچیدہ صورتِ حال کا پْرامن اور مذاکراتی حل تلاش کر رہا ہے، خطے کے ممالک اور شراکت داروں کے تعاون سے مذاکراتی حل تلاش کر رہے ہیں، پاکستان کا موقف واضح ہے کہ مسائل کا حل بات چیت اور سفارت کاری سے ممکن ہے۔سعودی عرب کی سیکیورٹی کے لیے ہمارا عزم غیر مشروط ہے، یہ دونوں ملکوں کے عوام، افواج اور سیاسی قیادت کے درمیان نہ ٹوٹنے والا تاریخی رشتہ ہے۔  سعودی عرب کا دفاع کرتے رہیں گے، سعودی عرب کا دفاع کرنے کے لیے پاکستان کسی بھی حد تک جائے گا۔اس سے قبل ایک اور انٹرویو میں مکہ معاہدے کے کسی ایک فریق پر حملے پر پاکستان کے ردِعمل سے متعلق سوال پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا تھا دفاعی وعدوں پر عمل درآمد کے طریقہ کار کو کبھی بھی عوامی سطح پر ظاہر نہیں کیا جاتا، کسی حملے کا ردِعمل کیا ہو گا، تینوں ممالک لائحہ عمل طے کریں گے اور اسی کے مطابق اس پر عمل درآمد کریں گے۔انہوں نے کہا تھا کہ مکہ معاہدے پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں، سب سمجھتے ہیں کہ یہ اقدام دفاعی نوعیت کا ہے اور اس کا مقصد خطے میں استحکام اور امن برقرار رکھنا ہے، دفاع سے متعلق دوسرے معاہدے بھی ہیں، جن میں ایک دوسرے کو تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانیاں ہیں