سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدہ ایک بڑی پیش رفت ہے اور آج پاکستان کی عسکری قوت کو دنیا تسلیم کر رہی ہے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ پاکستان پر خطرات ہمیشہ سے موجود رہے ہیں، تاہم اب یہ خطرات مزید بڑھ گئے ہیں۔ ان کے بقول بھارت اور اسرائیل خطے میں مل کر پاکستان کے لیے خطرات پیدا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر اس وقت سیاسی استحکام کی اشد ضرورت ہے لیکن موجودہ حکمران عوامی مینڈیٹ کے بغیر اقتدار میں بیٹھے ہیں۔ اسد عمر نے حکمرانوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سیلاب کے دوران عوام نے حکومت کا کوئی فعال کردار نہیں دیکھا، کسان تباہ حال ہیں اور ان کی زندگی بھر کی محنت پانی میں بہہ گئی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے زور دیا کہ سب سے بڑی سیاسی جماعت کو نظر انداز کر کے ملک میں استحکام نہیں لایا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی بحران کا حل صرف بانی پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔