ن لیگ نے کبھی صوبائیت ‘ ڈیم اور نہروں کے کارڈ نہیں کھیلےعظمیٰ بخاری

 قومی سوچ و ترقی کو ہمیشہ ترجیح دی ‘ڈیڑھ سال میں پنجاب میں 80 منصوبے مکمل، پیپلزپارٹی سندھ کی کارکردگی پر جوابدہ ہے
 آپ لوگوں نے 17 سال میں کراچی اور سندھ کو تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا، جس کا رونا عوام آج بھی رو رہے ہیں: وزیر اطلاعات
لاہور (سپیشل رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے  مسلم لیگ (ن) نے کبھی صوبائیت کارڈ، نہروں کے کارڈ اور ڈیم کارڈ نہیں کھیلا، ن لیگ قومی جماعت ہے اور قومی سوچ و ترقی کو ہمیشہ ترجیح دیتی ہے۔سندھ کے وزیر شرجیل میمن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جس کو آپ ناتجربہ کار ٹیم قرار دیتے ہیں، اسی ٹیم نے ڈیڑھ سال میں پنجاب میں 80 منصوبوں کے ذریعے انقلاب برپا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں نے 17 سالوں میں کراچی اور سندھ کو تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا، جس کا رونا عوام آج بھی رو رہے ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ سندھ کے حالیہ سیلاب میں بیرونی امداد کے باوجود تباہی کا منظر آج بھی قائم ہے، اس کے برعکس پیپلزپارٹی نے پنجاب کے سیلاب کے دوران جو کردار ادا کیا ہے، اسے پنجاب کبھی نہیں بھولے گا۔واضح رہے کہ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے مسلم لیگ (ن) اور حکومت پنجاب کی جانب سے رضوان رضی کی حمایت میں چلائی جانے والی مہم کو افسوسناک قرار دیا تھا۔