آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (BBL) کے آئندہ سیزن کے آغاز بھارت سے ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے تحت ابتدائی میچز چنائی میں کرائے جانے پر غور جاری ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بی بی ایل سیزن کا افتتاحی میچ دسمبر میں بھارت کے شہر چنائی میں کھیلے جانے کا امکان ہے، اور اس حوالے سے تیاریوں کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کو تامل ناڈو کرکٹ ایسوسی ایشن اور بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے مثبت ردعمل ملا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کا پانچ رکنی وفد حال ہی میں چنائی میں ایک اہم اجلاس میں شریک ہوا، جہاں ممکنہ وینیو کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آسٹریلوی وفد نے مجوزہ اسٹیڈیم کا معائنہ مکمل کر لیا ہے، جبکہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔تاہم میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اس منصوبے کو حتمی شکل دینے کے لیے ابھی حکومتی سطح پر مزید معاملات طے ہونا باقی ہیں، جس کے بعد ہی حتمی اعلان کیا جائے گا۔