خیبرپختونخوا کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں خراب موسمی صورتحال کے باعث صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے اور شہریوں و سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 18 سے 22 جون کے دوران اپر اور لوئر چترال، سوات، اپر دیر، کوہستان اور مانسہرہ سمیت بالائی اضلاع میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ہے۔ اس دوران گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (GLOF)، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حساس علاقوں میں مسلسل نگرانی رکھے، ریسکیو ٹیمیں اور مشینری تیار حالت میں رکھے، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی یقینی بنائی جائے۔پی ڈی ایم اے نے ممکنہ خطرے سے دوچار آبادیوں کو بروقت آگاہ کرنے اور ضرورت پڑنے پر انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔عوام اور سیاحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔