پی آئی اے کی پہلی پرواز لاہور سے فرانس پہنچ گئی

لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی لاہور سے فرانس کی پہلی پرواز پیرس کے چارلس ڈیگال ائیرپورٹ پر لینڈ کرگئی۔اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ خان نے بتایا ہے کہ لاہور سے پہلی براہ راست پرواز کی چارلس ڈیگال ایئرپورٹ آمد پر پاکستانی کمیونٹی نے خیرمقدم کیا۔5سال کی مدت کے بعد پی آئی اے نے لاہور سے پیرس کا روٹ دوبارہ شروع کیا ہے جس سے اوورسیز پاکستانیوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ہیں۔پی آئی اے کی پہلی ہفتہ وار پرواز لاہور سے پیرس کے لیے دوپہر 12 بجے روانہ ہوئی، پی کے 733 کے ذریعے 276مسافر پیرس پہنچے۔ پرواز کی آمد پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی سفارتی عملے، پی آئی اے اور دیگر ائیر پورٹ حکام نے شرکت کی۔