پاکستان اور بنگلہ دیش ایک درخت کی دو شاخیں، جڑیں مشترکہ تاریخ اور ثقافت میں پیوست ہیں مریم نواز

بنگلہ دیش کی گارمنٹس اور مائیکرو فنانس میں کامیابی قابل تقلید ہے، بنگلہ دیش وویمن کی ورک فورس میں کامیابیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں
 دونوں ممالک میں   فوڈ سکیورٹی اور زراعت میں وسیع تعاون کی گنجائش ہے‘سرمایہ کاروں کو سہولتیں دینگے:  بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر  سے  ملاقات میں گفتگو
جتنی بھی اموات ہوئیں یہ سب ناگہانی آفت کے سبب ہوئیں، حکومت کی غفلت سے کوئی اموات نہیں ہوئیں، مریم نواز‘ پی ڈی ایم اے کے ہیڈکوارٹر کا دورہ

لاہور(سپیشل رپورٹر ) وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے  پاکستان اور بنگلہ دیش ایک ہی درخت کی 2 شاخیں ہیں، بنگلہ دیش سے صنعتی کلسٹرز اور ڈیجیٹل اپ اسکلنگ پروگرامز میں اشتراک کا خیرمقدم کیا جائیگا، پنجاب اور بنگلہ دیش کے مابین فوڈ سیکیورٹی اور زراعت میں وسیع تعاون کی گنجائش ہے۔پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین نے لاہور میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعاون، باہمی تجارت، صنعت اور زراعت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش ایک ہی درخت کی 2 شاخیں ہیں، ہماری جڑیں مشترکہ تاریخ اور ثقافت میں پیوست ہیں۔مریم نواز کا کہنا ہے  بنگلہ دیش کی گارمنٹس اور مائیکرو فنانس میں کامیابی قابل تقلید ہے، بنگلہ دیش وویمن کی ورک فورس میں کامیابیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، بنگلہ دیش سے صنعتی کلسٹرز اور ڈیجیٹل اپ اسکلنگ پروگرامز میں اشتراک کا خیرمقدم کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اور بنگلہ دیش کے مابین فوڈ سیکیورٹی اور زراعت میں وسیع تعاون کی گنجائش ہے، پنجاب جنوری 2025 میں بنگلہ دیش کو 50 ہزار ٹن معیاری چاول برآمد کرچکا ہے، پنجاب فارما اور میڈیکل ڈیوائسز کیلئے بنگلہ دیش کو عالمی معیار کی لیبارٹریز اور سرجیکل برآمدات کا موقع فراہم کرسکتا ہے۔وزیراعلی پنجاب کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کی جانب سے ویزا کلیئرنس میں آسانی جیسے اقدامات باہمی اعتماد کی نشانی ہیں، لاہور اور ڈھاکہ میں پاکستان بنگلہ دیش جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہیں، بنگلہ دیشی سرمایہ کاروں کو ون ونڈو بزنس سینٹرز کے ذریعے سہولیات فراہم کریں گے۔دریں اثناء مریم نواز شریف نے پی ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں سیلابی صورتحال اور ریسکیو آپریشنز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی‘اس موقع پر مریم نواز نے کہا  مون سون کے دوران بارشوں میں جتنی بھی اموات ہوئیں یہ سب ناگہانی آفت کے سبب ہوئیں، حکومت کی غفلت سے کوئی اموات نہیں ہوئیں، ریکارڈ بارش ہوئی ہے مگر نقصان کم ہے،مون سون کیلئے ہم نے اقدامات کئے تھے،  کل میں نے پورا ریلیف آپریشن مانیٹر کیا۔کل میرے لئے جذباتی سین تھا جب نومولود بچے کو بچاکر والدین کے حوالے کیا گیا۔ جہاں کشتیوں کی ضرورت ہو تو پی ڈی ایم اے سے رابطہ کیا جائے۔