ناقص پٹرول‘ گاڑی خراب، ایرانی صدر کو ٹیکسی میں سفر کرنا پڑگیا

صدر مسعود پزشکیان قافلے کیساتھ تبریز جارہے تھے‘حکام کو اطلاع نہ دی‘خود ہی ٹیکسی کا انتظام کرلیا

تہران(آئی این پی ) غیرمعیاری پیٹرول کی وجہ سے ایران کے صدر مسعود پزشکیان کو ٹیکسی میں سفر کرنا پڑ گیا۔ایرانی میڈیا رپورٹ  کے مطابق حال ہی میں ایرانی صدر ایران کے شہر تبریز جا رہے تھے، اس دوران  قافلے کی 3  گاڑیوں میں قزوین صوبے کے پٹرول سٹیشن سے  پیٹرول ڈلوایا۔تاہم  پانی ملے پیٹرول کے باعث گاڑیاں خراب ہوگئیں اور قافلہ درمیان میں رک گیا جس کے بعد ایرانی صدر نے مقامی حکام کو اطلاع دیے بغیر خود ہی ایک نجی ٹیکسی کا انتظام کیا اور تبریز پہنچے۔اعلی حکومتی عہدیدار  نے بتایا کہ تحقیقات کے مطابق، مذکورہ پیٹرول پمپ پانی ملا ناقص پیٹرول فراہم کر رہا تھا اور اس کے خلاف پہلے بھی اسی قسم کی خلاف ورزیوں کی شکایات درج ہو چکی ہیں