ڈی آئی خان ،پولیس اور سی ٹی ڈی کا آپریشن ، ایک دہشت گرد ہلاک، 2 زخمی

 ہلاک دہشتگرد سے بھاری مقدار میں اسلحہ ایمونیشن، دستی بم اور ایک عدد موٹرسائیکل برآمد، پولیس جوان بھی معمولی زخمی ہوا
ڈیرہ اسماعیل خان(آئی این پی)ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کی کلاچی اور ملحقہ علاقوں میں موجودگی کی اطلاع پر پولیس اور سی ٹی ڈی کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں ایک دہشت گرد ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں سی ٹی ڈی اور پولیس کے آپریشن کے دوران پولیس کو دیکھتے ہی دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی،پولیس نے بھی فائرنگ سے بھرپور جواب دیا۔ اس آپریشن میں شدید مقابلے کے بعد پولیس نے ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا اور 2 زخمی ہو گئے ۔ ضوارجی گروہ کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس جوان بھی معمولی زخمی ہوا۔ سی ٹی ڈی کے ذرائع نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا دہشتگرد کھتی چیک سمیت پولیس پر حملوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا۔ ڈیرہ اسماعیل خان پولیس اور سی ٹی ڈی نے انٹیلیجنس اداروں کی اطلاع پر فوری کامیاب کارروائی کی۔ ہلاک ہونے والے دہشتگرد کے قبضہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ ایمونیشن، دستی بم اور ایک عدد موٹرسائیکل برآمد ہوئے۔ ڈیرہ اسماعیل خان پولیس نے علاقہ کو گھیرے میں لیکر زخمی خوارجیوں کی تلاش شروع کردی ہے