لاہور (کرائم رپورٹر) تھانہ کلچر تبدیل نہ کرنے اور پولیس جوانوں کے ساتھ غیر شائستہ زبان استعمال کرنے پر ایس ایچ او کوٹ لکھپت عمران انوار کو معطل کر دیا گیامعطلی کا فیصلہ ان کی مبینہ آڈیو سامنے آنے کے بعد کیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے ایس ایچ او کی معطلی کے ساتھ محکمانہ کارروائی کا بھی حکم دے دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس و عوام دونوں کی عزت مقدم ہے اور پولیس جوانوں کی عزتِ نفس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے عوام سے حسنِ سلوک کے واضح احکامات جاری کیے گئے ہیں، جن پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں کا احتساب ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔فیصل کامران نے مزید کہا کہ تھانوں میں وہی افسران اور جوان تعینات رہیں گے جو عوام اور ماتحت اہلکاروں کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آئیں گے۔ بدتمیزی اور غیر پیشہ ورانہ رویے کی پولیس فورس میں کوئی جگہ نہیں، ہر افسر اور اہلکار کو مثالی رویہ اختیار کرنا ہوگاانہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محکمہ پولیس میں مثبت تبدیلی اور تھانہ کلچر کی اصلاح کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری رکھا جائے گا۔