بس کوئٹہ سے لاہور آر ہی تھی، 7 افراد کو بس سے اتار کر شناختی کارڈ دیکھنے کے بعد گولیاں مار یں گئیں،لاشیں سپتال منتقل
بارہ مسلح افراد نے لیویز تھانے کے قریب روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے مختلف گاڑیوں کو روکا ، ملزمان با آسانی فرار ہوگئے
کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان کے شہر بارکھان میں مسلح افراد نے بس روک کر فائرنگ کرکے 7 مسافروں کو قتل کردیا، ملزمان واردات کے بعد با آسانی فرار ہوگئے۔ بارکھان کے علاقے رڑکن مین شاہراہ پر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے بس میں بیٹھے 7 مسافروں کو بے دردی سے قتل کردیا۔واردات کے بعد ملزمان با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ڈپٹی کمشنر وقار خورشید عالم کے مطابق مسلح افراد نے روڈ پر رکاوٹیں کھرڑی کرکے مختلف گاڑیوں کو روکا اور ایک بس سے 7 افراد کو اتار کر شناختی کارڈ دیکھنے کے بعد گولیاں مار کر قتل کردیا۔جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں مزید کارروائی کیلیے بارکھان کے رکنی اسپتال پہنچا دی گئیں جبکہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ڈی سی بارکھان کا کہنا ہے کہ مذکورہ بس لاہور جارہی تھی، جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق صوبہ پنجاب سے ہے۔ لیویز اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ سال 26 اگست کو اسی شاہراہ پر اسی قسم کا واقعہ پیش آیا تھا، موسیٰ خیل میں 23 مسافروں کو گاڑیوں سے اتار کر قتل کر دیا گیا تھا۔