طلباء احتجاج کے دوران جو لوگ مارے گئے وہ پولیس کی گولی سے نہیں مرے،سابق وزیراعظم بنگلا دیش
نئی دہلی (آئی این پی )بنگلا دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ نے محمد یونس کی قیادت میں بنگلادیش کی عبوری حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ نے مجھے واپسی کیلئے زندہ رکھا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شیخ حسینہ واجد نے کہا کہ وہ اقتدار میں واپس آکر متاثرین کے اہل خانہ کو انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں گی۔ ایک عوامی تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ بنگلادیش کے ہر متاثرہ خاندان کی مدد کریں گی اور اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔حسینہ واجد کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات کا یقین ہے کہ اللہ نے مجھے واپسی کیلئے زندہ رکھا ہے۔شیخ حسینہ نے کہا کہ گذشتہ برس جولائی اور اگست میں طلباء کے احتجاج کے دوران جو لوگ مارے گئے وہ پولیس کی گولی سے نہیں مرے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر پوسٹ مارٹم ابھی کرائے جائیں تو وہ ثابت کریں گے کہ ان کا دعویٰ درست ہے۔