اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریکِ انصاف (PTI) کی جانب سے خواجہ آصف کے شوکت خانم ہسپتال پر الزامات سے متعلق سیشن کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر جلد سماعت کی درخواست منظور کر لی ہے۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی عدالت میں وکیل عمر ضیاء الدین پیش ہوئے، جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت موسم سرما کی تعطیلات کے بعد دوسرے ہفتے میں کرنے کی ہدایت کی۔
خواجہ آصف نے ایک پریس کانفرنس میں شوکت خانم فنڈز کے ذریعے منی لانڈرنگ اور فنڈز کے غلط استعمال کے الزامات عائد کیے تھے۔ بانی PTI نے اس سلسلے میں 2012 سے خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانہ کے لیے ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔عدالت نے مرکزی کیس کی سماعت کو عدالتی تعطیلات کے بعد مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کارروائی کو مؤخر کر دیا۔