مارکیٹ کے سرمائے میں 437ارب روپے کی کمی‘مارکیٹ3نفسیاتی حدیں گنوا بیٹھی
کراچی(آن لائن)منافع کی خاطر فروخت کے دبائوسے پاکستان سٹاک مارکیٹ بدھ کو ملکی تاریخ کی بد ترین مندی کا شکا ر ہو گئی ،ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 3964پوائنٹس گر گیا تھا تاہم کاروبار کے اختتام پرمارکیٹ3نفسیاتی حدیں گنوا بیٹھی۔انڈیکس 1لاکھ14ہزار سے کم ہو کر 1لاکھ11ہزار پوائنٹس پر بند ہواجبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں 437ارب روپے کی کمی بھی ہوئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم145کھرب روپے سے گھٹ کر 141کھرب روپے پر آگیا جبکہ 73.94فیصد حصص کی قیمتیں بھی کم ہو گئیں۔بدھ کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں اگرچہ کاروبا ر کا آغاز مثبت ہوا۔اور ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 1لاکھ 16ہزار236پوائنٹس کی سطح پر جا پہنچا تھا مگر آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکوں، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، او ایم سیز، پاور جنریشن اور ریفائنری سمیت اہم شعبوں میں فروخت کا رجحان رہا جس کی وجہ سے شعبوں کے سٹاک منفی زون میں رہے اور انڈیکس پست ترین سطح پر فروخت ہوا۔